چنہوئی 30جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)افریقی ملک زمبابوے کے ترانوے سالہ صدر رابرٹ موگابے نے کہا ہے کہ وہ نہ تو مر رہے ہیں اور نہ ہی کہیں جا رہے ہیں۔موگابے انیس سو اسّی سے زمبابوے کے صدر چلے آ رہے ہیں اور اس ملک کی اقتصادی حالت انتہائی خراب ہے۔فریقی ریاست زمبابوے کے شہر چنہوئی سے موصولہ نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق بین الاقوامی سطح پر اگرچہ کئی برسوں سے یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ قریب چار عشروں سے برسراقتدار موگابے اپنے ملک کو مسلسل تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں تاہم خود صدر رابرٹ موگابے نے آج کہا کہ وہ نہ تو مر رہے ہیں، نہ ہی اپنے عہدے سے علیحدہ ہو رہے ہیں اور نہ ہی کہیں جارہے ہیں۔براعظم افریقہ کے علاوہ دنیا کے طویل ترین عرصے سے برسراقتدار حکمرانوں میں شمار ہونے والے رابرٹ موگابے اس دور سے اپنے ملک کے صدر چلے آ رہے ہیں جب1980ء میں زمبابوے نے برطانیہ سے آزادی حاصل کی تھی۔برطانیہ کی اس سابق نوآبادی میں چنہوئی کے شہر میں اپنے ہزارہا حامیوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر موگابے نے آج کہا، مسئلہ یہ ہے کہ کوئی دوسرا سیاستدان اتنے بڑے سیاسی قد کاٹھ کا ہے ہی نہیں، جو میرے جانشین کے طور پر یہ (صدارتی)ذمہ د اریاں انجام دے سکے۔روئٹرز کے مطابق موگابے کی عمر اس وقت 93 برس ہے، وہ 38 برسوں سے زمبابوے کے صدر چلے آ رہے ہیں اور ان کے ملک میں عوام اس لیے اپنے اس صدر کی صحت پر بڑی تشویش کے ساتھ نظریں جمائے بیٹھے ہیں کہ کسی واضح جانشین کی تقرری کے بغیر رابرٹ موگابے کی اگر اچانک موت ہو گئی، تو یہ ملک شدید حد تک بدامنی اور انتشار کا شکار ہو جائے گا۔روئٹرز نے مزید لکھا ہے کہ موگابے نے اپنے آبائی صوبے کے شہر چنہوئی میں ہزارہا سیاسی حامیوں سے خطاب کے دوران یہ بھی کہاکہ ابھی حال ہی میں ڈاکٹروں نے جب میرا معائنہ کیا، تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ میرے جسم میں ہڈیوں کا نظام انتہائی مضبوط ہے۔گزشتہ کئی عشروں کے دوران بار بار کی خشک سالی، بہت زیادہ بے روزگاری اور مسلسل اقتصادی تنزلی کی وجہ سے زمبابوے کی معیشت کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ حکومت کو کئی سال پہلے ہی ناقابل یقین حد تک زیادہ مالیت کے کرنسی نوٹ تک چھاپناپڑگئے تھے۔ان میں ملکی کرنسی میں بہت زیادہ مالیت کے ایک کھرب یا 100ارب ڈالر تک کے وہ نوٹ بھی شامل ہیں، جن کی ہزاروں گنا کی شرح والے افراط زر کی وجہ سے داخلی طورپراور بین الاقوامی منڈیوں میں مالیاتی قدر بمشکل چند امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔